غیر ملکی دورے اخراجات: نواز شریف 180 کروڑ کیساتھ سرفہرست

Last Updated On 25 July,2020 01:01 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سینیٹ میں سابق وزرائے اعظم کے غیرملکی دوروں پر اٹھنے والے اخراجات کی تٖفصیل پیش کر دی گئی جس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 80 کروڑ روپے، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 25 کروڑ 95 لاکھ روپے، راجہ پرویز اشرف نے 10 کروڑ 71 لاکھ روپے، یوسف رضا گیلانی نے 57 کروڑ 16 لاکھ اور وزیر اعظم عمران خان نے 2018 میں 6 غیر ملکی دوروں پر 4 کروڑ 56 لاکھ خرچ کیے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2013-17 تک اپنے غیر ملکی دوروں پر 1 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے۔ کورونا ریلیف سرگرمیوں کی مد میں چین سے 4 ملین ڈالر، امریکا سے 2 ملین ڈالر جبکہ جاپان سے اڑھائی ارب روپے امداد حکومت کو موصول ہوئی۔

سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت علی محمد خان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی دوروں پر سابق وزرائے اعظم سے کم اخراجات کیے۔ پرویز اشرف مختصر مدت کے لیے وزیراعظم رہے لیکن ان کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کروڑوں میں ہیں، نواز شریف بادشاہوں کی طرح اخراجات کرتے رہے، شاہد خاقان عباسی نے بھی تھوڑے عرصے میں متعدد غیر ملکی دورے کئے اور ان کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا کئے گئے، وزیراعظم عمران خان اور موجودہ وزراء نے اپنے اخراجات میں نمایاں کمی کی، اس کی مثال وفاقی وزیر مراد سعید ہیں جو کابینہ کے اجلاسوں میں بھی پینے کے لئے پانی اپنے گھر سے لے کر آتے ہیں۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ 2013ء سے 2018ء کے دوران نواز شریف نے لندن کے 18 دورے کئے جن میں سے اکثریت نجی دوروں کی تھی اور ان کے ایک نجی دورے پر چھ کروڑ روپے سے زائد کا خرچ آیا۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ایک گھنٹے کا وقفہ سوالات ہے، پچاس منٹ وزیر بات کرتا ہے، یہ حکومت میں ہیں تحقیقات کریں۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 16 جولائی تک 257914 ہے جن میں سے 178737 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اس وقت کووڈ مریضوں کے لئے 3567 ہسپتال کام کر رہے ہیں جن میں 10074 پیرا میڈیکل عملہ اور 1142 فرنٹ لائن ڈاکٹرز موجود ہیں۔ 204958 این 95 ماسکس اور 4197 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ ہم این 95 ماسک ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔

تحریری جواب میں وزارت صحت نے بتایا کہ پاکستان میں 2020 کے پہلے دو ماہ میں 35 وائلڈ پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ سینیٹر سراج الحق کے سوال جواب میں بتایا گیا کہ کورونا ریلیف سرگرمیوں کی مد میں چین سے 4 ملین ڈالر، امریکا سے 2 ملین ڈالر جبکہ جاپان سے اڑھائی ارب روپے امداد حکومت کو موصول ہوئی ہے۔
 

Advertisement