اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روس کے ساتھ حکومتی سطح پر گندم کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ نے لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے صدارت کی۔
اجلاس میں گندم کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ ای سی سی کو بتایا گیا کہ جنوری 2021 تک 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کرلی جائے گی، فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب اور سپلائی میں فرق آنے نہیں دیا جائے گا، روس کے ساتھ حکومتی سطح پر گندم کی خریداری کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور
پاکستان اور روس کی حکومتی کے درمیان گندم کی خریداری کی اصولی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیاگیا کہ پاسکو، پنجاب اور خیبر پختون خوا کو درآمدی گندم فراہم کی جائے گی اور یوں پاسکو، پنجاب اور خیبر پختون خوا کو تین لاکھ 40 ہزار ٹن درآمدی گندم ملے گی۔