ٹیکسز کی بھرمار نے لنڈا بازار میں بھی خریداری مشکل بنا دی، عوام پریشان

Published On 03 March,2021 09:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی سفید پوش طبقے کی جان کو آ گئی، ٹیکسز کی بھرمار نے لنڈے بازار میں خریداری بھی مشکل بنا دی۔ عام بازار اور لنڈے بازار میں قیمتوں کا فرق ختم ہونے لگا۔

ہر جگہ مہنگائی کے ڈیرے، لنڈا بازار بھی غریبوں کے ہاتھ سے نکل گئے۔ سستے کی آس میں لنڈے بازار کا رخ کرنے والے سفید پوش طبقے کی جیبیں بھی خالی ہونے لگیں۔ کپڑے ہوں یا پھر جوتے یا پھر لنڈے بازار میں سجی کوئی اور روزمرہ استعمال کی چیز، شہری حیران ہیں کہ لنڈے بازار کی اشیا پر بھی ٹیکسوں کی بھرمار ہے۔

انکم ٹیکس کی مد میں امریکی چھ سینٹ فی کلو ریگولیٹری ڈیوٹی کی مد میں 10سینٹ فی کلو غریبوں سے وصول کیا جارہا ہے۔ پرانے کپڑے بھی کہاں ٹیکسوں سے محفوظ ہیں۔ 5سینٹ فی کلو درآمدی ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ جوتوں پر 13سینٹ، لیدر جیکٹس پر امپورٹ ڈیوٹی 28 سینٹ فی کلو ہے۔ ہینڈ بیگز پر 49 سینٹ، کھلونوں پر 47 اور برتن وغیرہ پر50 سینٹ فی کلو درآمدی ڈیوٹی الگ سے وصول کی جارہی ہے۔

شہری بڑی اچھی طرح جان چکے ہیں کہ اب لنڈا بازار کی چیزیں بھی دسترس سے نکلتی جارہی ہیں۔ تاجر بھی کم پریشان نہیں۔ انجمن تاجران لنڈا بازار کے عہدیداروں نے ٹیکسز فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔