فی تولہ سونا 2250 روپے سستا

Published On 12 March,2021 05:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک مرتبہ پھر سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی۔ فی تولہ کی قدر میں 2250 روپے کی تنزلی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 32 امریکی ڈالرکا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں نئی قیمت 1704 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی، فیصل آباد، سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونا 2250 روپے سستا ہو گیا اور نئی قیمت 1 لاکھ 4 ہزار 450 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف دس گرام سونے کی قیمت 1928 روپے گراوٹ کے بعد89550 روپے ہو گئی ہے۔

سونے کی طرح چاندی کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 30 روپے اور 25.72 روپے کی تنزلی دیکھی گئی اور نئی قیمتیں 1340 روپے اور 1148.83 روپے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 2900 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت ایک لاکھ 6 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔
 

Advertisement