جاپان نے پنجاب حکومت کیلئے 6 ارب 20 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دیدی

Published On 02 April,2021 11:09 am

لاہور: (دنیا نیوز) جاپان کی جانب سے پنجاب حکومت کیلئے 6 ارب 20 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دیدی گئی۔ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب نے جاپانی سفیر کو شکریہ کا خط لکھ دیا۔

جاپان کے سفیر کنینوری مٹسڈا نے وزیراعلی عثمان بزدار کو خط لکھ کر حکومت جاپان کی طرف سے گرانٹ کی فراہمی سے آگاہ کیا، وزیراعلی عثمان بزدارنے گرانٹ پر جاپان کی حکومت اور جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے جاپان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پنجاب کے عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے جاپان کے تعاون کو سراہتے ہیں-

عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد میں نکاسی و فراہمی آب کے نظام میں بہتری ناگزیر ضرورت ہے- پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں- ان تعلقات میں ہر آنے والے روز بہتری آرہی ہے-

جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ فراہمی و نکاسی آب کی بہتری معیار زندگی کیلئے بے حد اہمیت کی حامل ہے- توقع ہے کہ جاپان کا معاشی تعاون پنجاب کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں معاون ثابت ہو گا- جاپان اور پنجاب کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
 

Advertisement