لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں چینی کی رٹیل قیمت مقرر کر دی۔ مارکیٹ میں چینی 85 روپے سے زائد فروخت نہیں کی جائے گی۔
محکمہ صنعت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ مارکیٹ میں اس وقت ایکس مل قیمت 95 روپے تک ہے، رٹیل قیمت 100 کے قریب ہے جو کسی بھی طرح جائز نہیں، چینی کا ایکس مل ریٹ 80 روپے سے زیادہ نہیں ہوگا۔
دوسری جانب چینی مافیا کے خلاف جاری تحقیقات میں نئے انکشافات سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق چینی مافیا نے ملائیشیا، دبئی، برطانیہ اور یورپ میں اربوں روپے کی بے نامی جائیدادیں بنائیں۔
ذرائع کے مطابق سٹے اور چینی کے ناجائز منافع سے حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بے نامی جائیدادیں بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ چینی مافیا نے ملائشیاء، دوبئی، برطانیہ اور یورپ میں اربوں روپے کی بے نامی جائیدادیں بنائیں۔ ایف آئی اے نے جائیدادوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے ملکوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزارت خارجہ کے ذریعے غیر ملکی سفارتخانوں کو سٹہ مافیا کے سرگرم افراد کے نام اور تفصیل دی جائے گی۔