اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ چینی کی اوسط فی کلو قیمت کی ایک بار پھر سنچری مکمل ہو گئی ہے۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتہ میں 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، چینی اوسط ایک روپے 90 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہو گئی، چینی کی اوسط فی کلو قیمت 100 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن کی اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 53 پیسے بڑھی۔ بیف کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 44 پیسے اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے گھی فی کلو 83 پیسے مہنگا ہوا۔ دودھ 12 پیسے، دہی 23 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کیلا 2 روپے 14 پیسے، انڈے 5 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ حالیہ ہفتے 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی،24 میں استحکام رہا۔ مرغی 21 روپے 92 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ٹماٹر 2 روپے 68 پیسے فی کلو سستے ہوئے، پیاز 68 پیسے، آلو 29 پیسے فی کلو سستے ہوئے، دال چنا، دال مسور، دال ماش، ایل پی جی کی قیمتیں کم ہوئیں۔