ایف بی آر نے افغانستان سے تازہ پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا

Published On 25 September,2021 11:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لئے افغان تاجروں کو ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز منظور کرلی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاک افغان تجارت کے فروغ کیلئے افغانستان سے تازہ پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سیلز ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق ایسے پھلوں پر ہوگا جو پاکستان میں وافر مقدار میں پیدا نہیں ہوتے۔ معاون خصوصی شہزاد ارباب کا کہنا ہے کہ افغان تاجروں کو رعایتیں دینے سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ادھر پاک افغان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی ٹاسک فورس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا، جس میں تجارت کے فروغ کے لئے افغانستان کی تکنیکی معاونت کی بھی سفارش کی گئی۔ یہ بھی تجویز دی گئی کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی سپلائی جاری رکھنے کیلئے افغانستان کی مدد کی جائے۔

Advertisement