اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہاہے کہ حکومت نے اگست سے اب تک پٹرولیم مصنوعات پر 435 ارب روپے کا ریلیف دیا ہے ۔
سینیٹ کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے توانائی کے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ (ن) لیگ دور میں قیتمیں کم نہیں کی جاتی تھیں، لیوی بڑھا دی جاتی تھی ،ایک وقت میں سیلز ٹیکس 56 فیصد تھا جو اب دس فیصد ہے۔
ان کا کہناتھا کہ آج ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت خطے کے دیگر ممالک سے خاصی کم ہے ،سابقہ ادوار کی نسبت پٹرول پر اب کم ٹیکس نافذ ہیں جبکہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جہاں پٹرول ہم سے سستا ہے وہاں پٹرولیم پیدا ہوتا ہے ،نعرے بازی، گالی گلوچ سے نکل کر دیکھا جائے کہ کیسے عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت فنڈز کا اجراء دوگنا کردیا گیا ہے،عالم سطح پر آنے والی مہنگائی سے اپنے عوام کو بچایا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات پرٹیکس بھی کم ہے اور قیمتیں بھی کم ہیں۔