خیبرپختونخوا حکومت کا اسٹامپ نویسوں کو ای سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ

Published On 12 November,2021 08:43 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں اسٹامپ پیپر کے روزگار سے منسلک افراد کے لیے نئے طریقہ کار کے اجراء کا فیصلہ کر لیا، اسٹامپ نویسوں کو ای سسٹم سے منسلک کیا جائیگا، اسٹامپ پیپر کا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہو گا، شہری کہتے ہیں حکومت اعلانات تو کرتی ہے لیکن عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے ای اسٹامپ پیپر کے اجراء کے فیصلے کے بعد اسٹامپ نویسوں کے لیے بھی نیا طریقہ کار متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا، ای اسٹامپ وینڈر کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔

ای وینڈر سسٹم کے لیے مخصوص کارڈ جاری کیے جائینگے جبکہ اسٹامپ کی آن لائن رجسٹریشن کے عمل سے جعلی اور بوگس اسٹام پیپر کو روکنے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ حکام کے مطابق ای وینڈر سسٹم سے شہریوں کو آسانی ہو گی۔

ای وینڈر سسٹم سے صوبہ بھر میں موجود ہزاروں اسٹامپ نویسوں کی تفصیلات بھی موجود ہونگی جبکہ جاری کردہ اسٹامپ کی معلومات بھی آن لائن موجود ہونگی، شہری کہتے ہیں حکومت کا اقدام اچھا ہے تاہم اس کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی ہونی چاہیے۔

نئے نظام سے جہاں جوڈیشل اور نان جوڈیشل اسٹامپ پیپر کے اجراء کا پرانا نظام ختم ہو گا تو وہیں جدید نظام سے جعلسازی اور دھوکہ دہی پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔