پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ

Published On 09 January,2023 10:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

پنجاب کےسیکرٹری صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور سکلز ڈویلپمنٹ لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) لاہور آفس کے دورہ کے موقع پر کہا کہ ورکنگ گروپ میں پنجاب حکومت کے افسران اور اپٹما کے نامزد افراد شامل ہوں گے۔

اس موقع پرچیئرمین اپٹما نارتھ زون حامد زمان، سینئر وائس چیئرمین کرمان ارشد، وائس چیئرمین اسد شفیع، سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر اور ایسوسی ایشن کے سینئر ممبران جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری زوہیب مشتاق، سینئر اقتصادی مشیر جاوید اقبال ملک، ڈپٹی سیکرٹری ابوبکر زبیر، سی ای او پی آئی ای ڈی ایم سی علی معظم سید، ڈائریکٹر ابوبکر سلیمان اور دیگر بھی موجود تھے۔

چیئرمین اپٹما نارتھ زون حامد زمان نے صوبائی سیکرٹری کو پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی انڈسٹری کو 350 ایم ایم سی ایف ڈی کے منظور شدہ لوڈ کے مقابلے میں گزشتہ سال کی گیس کی کھپت کا 50 فیصد فراہم کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ پنجاب کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمت 9$/MMBTU ہے جو کہ ملک کے باقی حصوں پر لاگو $3.75 کی لاگت سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گیس کی کمی کا اطلاق صرف پنجاب میں ملوں پر کیا جا رہا ہے اور توانائی کے نرخوں میں فرق پنجاب میں یونٹس کو بند کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔

چیئرمین اپٹما نے صوبے میں 100 سلائی یونٹس کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے پنجاب میں TERF جیسی سہولت میں توسیع کی بھی درخواست کی ہے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ پنجاب حکومت پنجاب روزگار سکیم سے ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو رعایتی قرض کی سہولیات فراہم کرے، ان کے مطابق نوجوان افرادی قوت کو تربیت دینے کے لیے ٹیوٹا کی جانب سے غیر ملکی منظوری کے ساتھ عالمی معیار کے سلائی ٹریننگ سینٹر کا قیام بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

حامد زمان نے PESSI بقایا جات کی رضاکارانہ ادائیگی پر سرچارج کی چھوٹ کے لیے ایک آرڈیننس کے لیے مزید کہا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ لیبر سے متعلق کنونشنز کو نافذ کرے، لیبر یونینوں کے اعدادوشمار شیئر کرے، ٹیکسٹائل ورکرز کو ٹیوٹا کے ذریعے جی ایس پی پلس کنونشنز کی تعمیل کرتے ہوئے تربیت دی جائے۔

پنجاب کے سیکرٹری انڈسٹریز نے کہا کہ انٹیگریٹڈ ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پارکس اور ٹیکسٹائل سٹیز کا قیام، قائداعظم اپیرل پارک کی ترقی، انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈز میں اپٹما کی نمائندگی اور بند یونٹس کی بحالی کے لیے پنجاب کی صنعت کے لیے نرم قرضے / سکیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ملکی برآمدات کے وسیع تر مفاد میں صنعت کے مطالبات پر غور کرے گی، پنجاب حکومت برآمدات میں اضافے کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام صنعتی یونٹس کی ہموار کارکردگی میں معاونت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، انہوں نے پنجاب میں ایکسپورٹ اورینٹڈ یونٹس کے لیے توانائی کے مسائل کو متعلقہ حلقوں کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ صوبے میں ایکسپورٹ دوست ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپٹما نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین کامران ارشد نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل میں جرات مندانہ اقدامات کرنے پر صوبائی سیکرٹری بالخصوص اور صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا بالعموم شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی مسلسل حمایت سے صنعتکاروں کو صنعتوں کی ترقی میں مدد ملے گی، ٹیکسٹائل کا پورا شعبہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، انہوں نے ملک میں صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔