اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جھوٹی خبریں دینے اور انہیں پھیلانے سے قوم کے اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی سے متعلق جھوٹی اور بے بنیاد خبر کے حوالہ سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فیک نیوز دینا اور انہیں پھیلانا قومی معاشی مفادات کیلئے ضرر رساں ہے، متعلقہ وزارت سے تصدیق کئے بغیر اس طرح کی رپورٹس اور خبریں دینے سے گریز کرنا چاہئے۔
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) February 25, 2023
یاد رہے کہ اس سے قبل اسحاق ڈار نے تنخواہوں اورپنشن کی ادایئگی روکنے سے متعلق افواہوں کو غلط اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی ہیں۔
وزارت خزانہ کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں بتایا کہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ حکومت نے تنخواہوں اور پنشن وغیرہ کی ادائیگی روکنے کی ہدایت کی ہے جو سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی کی قلت کے باعث عوام پریشان
ترجمان نے کہا کہ وزارت خزانہ جو کہ متعلقہ وفاقی وزارت ہے، نے ایسی کوئی ہدایات نہیں دی ہیں، ترجمان نے کہاکہ اے جی پی آر نے بھی تصدیق کی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن پر کارروائی ہو چکی ہے اور وقت پر ادا کر دی جائے گی، دیگر ادائیگیوں پر معمول کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔