لاہور/کراچی: (ویب ڈیسک) آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تاجروں کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بزنس مین گروپ کے زبیر موتی والا نے مشکل حالات میں اچھا بجٹ قرار دیا اور کہا کہ جو سختی سمجھ رہے تھے اس سے کہیں آسان بجٹ ہے۔
ادھر لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے بھی مشکل وقت میں اچھا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ زراعت اور آئی ٹی سیکٹر پر فوکس کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سرحد چیمبر آف کامرس نے بجٹ کو مسترد کر دیا ہے، قائم مقام صدر اعجاز آفریدی نے کہا کہ بجٹ میں بزنس کمیونٹی کی تجاویز شامل نہیں کی گئیں۔
کراچی کے تاجروں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے لئے امپورٹ پر ایک فیصد ڈیوٹی فری مذاق ہے، کم از کم 10 فیصد ٹیکس چھوٹ دینا چاہیے تھا۔
تاجروں نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں مہنگائی پر قابو پانے کا کوئی حل نہيں بتایا گيا۔