اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کیلئے بانڈڈ بلک سٹوریج پالیسی کی منظوری دیدی

Published On 28 June,2023 02:03 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ عوام کے ساتھ کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کے لئے " بانڈڈ بلک سٹوریج پالیسی 2023"کی منظوری دے دی ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہا کہ حکومت کا پاکستان کے عوام کے ساتھ ایک اوروعدہ پورا ہوا جو 9 جون 23 کو قومی اسمبلی میں بجٹ مالی سال 24 کی تقریر کے ذریعے کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم پریس کانفرنس کے ذریعے تفصیلات شیئر کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کیلئے غیرملکی بینک میں ایل سیز کھولنے کی شرط ختم کردی گئی ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیز پاکستانی پورٹس پر خام تیل، پٹرولیم مصنوعات خریدسکیں گی۔

پالیسی کے تحت غیرملکی آئل سپلائر کمپنیاں پیٹرولیم مصنوعات پاکستانی پورٹس پرسٹوریج میں رکھیں گی، نئی پالیسی سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر بینک چارجز ودیگراخراجات ختم ہوں گے جس سے ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیز کو سستے دام پر تیل مل سکے گا۔