حالیہ معاہدہ وزیراعظم پاکستان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے: ایم ڈی آئی ایم ایف

Published On 15 July,2023 01:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے گفتگو میں ماضی کی پیدا کردہ بے اعتمادی کا ذکر کیا اور کہا کہ ادارے کو ماضی کی پیدا کردہ بےاعتمادی کی وجہ سے تحفظات تھے، حالیہ معاہدہ وزیراعظم پاکستان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، یقین ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وعدوں کو پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پیرس میں ملاقات میں معاہدہ پورا کرنے کی دانش مندی اور عزم دکھایا، وزیراعظم نے جو لیڈرشپ دکھائی وہ لائق تحسین اور قابلِ تعریف ہے۔

یہ بھی پڑھیں:معاہدے پر پوری طرح عمل کرینگے، شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا اہم رکن ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اب مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد استوار ہوچکا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے بڑی راست گوئی اور مثبت انداز سے پیرس میں ہونے والی ملاقات میں گفتگو کی تھی، آپ کے قیمتی الفاظ پر آپ کا بے حد شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم کو واضح کیا ہے کہ معاہدے کی ذرا سی خلاف ورزی بھی برداشت نہیں کروں گا، معاہدے پر حکومت پوری طرح عمل کرے گی۔

شہباز شریف نے کرسٹالینا جارجیوا کو بتایا کہ 12 اگست تک ہماری حکومت ہے پھر نگران حکومت آ جائے گی جو معاہدے کا احترام جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں:پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کام کرنے کیلئے تیار ہیں: ڈائریکٹر آئی ایم ایف

انہوں نے کہا کہ عوام نے منتخب کیا تو آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کو ٹرن آ راؤنڈ کریں گے۔

’آپ کیلئے آموں کا تحفہ بھجوا رہا ہوں‘
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین اور لذیز ترین آم پیدا کرتا ہے، آپ کیلئے احترام کے جذبے کے طور پر آموں کا تحفہ بھجوا رہا ہوں۔

وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے پروفیشنل ازم اور لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے غریب عوام کے لئے جذبے اور احساس کو بھی سراہا، انہوں نے کہا کہ آپ نے جس طرح پاکستان کی معاونت کی اس کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں۔

اس موقع پر آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی ہر ممکن حد تک مدد کرتا رہے گا۔
 

Advertisement