سرمایہ کاری کا معاملہ: نگران وزیر اعظم سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات

Published On 16 August,2023 05:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں نگران وزیر اعظم سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں، انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کی درخواست کی، وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ویژن کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کو اپنے قابل اعتماد پارٹنر کے طور پر شمار کر سکتا ہے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی، بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے سفیر سے بھی ملاقات کریں گے۔