اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت توانائی نے آئی پی پیز سے معاہدوں پر وضاحت پیش کر دی۔
پاور ڈویژن کے مطابق حبکو کے ساتھ پاور پرچیز ایگریمنٹ کی مدت مارچ 2027ء کو ختم ہو جائے گی، حبکو کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں کوئی توسیع نہیں کی گئی ہے، پلانٹ کو فرنس آئل پر چلانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، کوئلے پر چلانے کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کیپکو نے 24 اکتوبر 2022ء کو اپنی 25 سال کی پی پی اے مدت مکمل کی، کیپکو کے ساتھ بجلی کی خرید و فروخت کے معاہدے میں کوئی توسیع نہیں کی گئی ہے، اکتوبر 2022ء میں پی پی اے کی معیاد ختم ہونے کے بعد سے پلانٹ بند ہے اور کوئی بجلی پیدا نہیں کر رہا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق اینگرو پاور پراجیکٹ میں حکومت سندھ کی طرف سے کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے، حکومت سندھ کے پاس اینگرو پاور پراجیکٹ کا کوئی حصہ نہیں ہے۔