خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے مطابق 2 جولائی کے بعد ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد میں 2 لاکھ 94 ہزار 818 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہوگئی۔
الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2 جولائی کے بعد مجموعی طور پر 2 لاکھ 94 ہزار 818 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا، جس کے بعد ملک میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہوگئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب ملک کا سب سے زیادہ ووٹرز رکھنے والا صوبہ ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہوگئی ہے۔ 2 جولائی کے بعد پنجاب میں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہوگئی، جبکہ 2 جولائی کے بعد صوبے میں 85 ہزار 309 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔ سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 تک پہنچ گئی ہے اور صوبے میں اس عرصے کے دوران 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 154 ہوگئی ہے، جہاں 2 جولائی کے بعد 37 ہزار 372 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہوگئی، جبکہ اس عرصے کے دوران اسلام آباد میں 12 ہزار 210 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔
رجسٹر ووٹرز کی تعداد
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آبادی کے لحاظ سے بڑے شہروں اور اضلاع میں بھی رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے، جبکہ لاہور سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز رکھنے والا ضلع ہے، جہاں 74 لاکھ 12 ہزار 267 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فیصل آباد میں 55 لاکھ 83 ہزار 461، راولپنڈی میں 34 لاکھ 95 ہزار ایک، ملتان میں 32 لاکھ 77 ہزار 884 جبکہ گوجرانوالہ میں 29 لاکھ 62 ہزار 772 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ سیالکوٹ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 29 لاکھ 60 ہزار 283 ہے۔
کراچی کے مختلف اضلاع میں بھی بڑی تعداد میں ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ کراچی سینٹرل میں 22 لاکھ 77 ہزار 495، کراچی ایسٹ میں 18 لاکھ 6 ہزار 179، کراچی کورنگی میں 16 لاکھ 30 ہزار 590، کراچی ساؤتھ میں 13 لاکھ 13 ہزار 906 جبکہ کراچی ویسٹ میں 10 لاکھ 25 ہزار 410 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ حیدرآباد میں 12 لاکھ 87 ہزار 640، خیرپور میں 14 لاکھ 50 ہزار 378، نوشہرو فیروز میں 9 لاکھ 97 ہزار 162 اور بدین میں 9 لاکھ 96 ہزار 858 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
خیبرپختونخوا میں پشاور 22 لاکھ 45 ہزار 452 رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ نمایاں ہے، جبکہ مردان میں 16 لاکھ 43 ہزار 274، مانسہرہ میں 11 لاکھ 82 ہزار 277، چار سدہ میں 11 لاکھ 38 ہزار 99 اور سوات میں 9 لاکھ 12 ہزار 653 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ 9 لاکھ 48 ہزار 657 رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ سب سے بڑا ووٹر ضلع ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق پشین میں 3 لاکھ 47 ہزار 91، خضدار میں 3 لاکھ 20 ہزار 871، کیچ میں 2 لاکھ 87 ہزار 518، نصیرآباد میں 2 لاکھ 57 ہزار 501، چمن میں 2 لاکھ 7 ہزار 882، حب میں ایک لاکھ 52 ہزار 866، ڈیرہ بگٹی میں ایک لاکھ 52 ہزار 555، جعفرآباد میں ایک لاکھ 50 ہزار 352 جبکہ گوادر میں ایک لاکھ 49 ہزار 337 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
دوسری جانب ملک میں خواتین ووٹرز کی تعداد بھی 6 کروڑ 39 لاکھ 27 ہزار 116 تک پہنچ گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق 90 لاکھ 14 ہزار 985 ہے۔ لاہور خواتین ووٹرز کے اعتبار سے بھی سرفہرست ہے، جہاں 35 لاکھ 49 ہزار 226 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔