لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی تاجربرادری کا سموگ کے تدارک کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے کی۔
اجلاس میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے صدورنے شرکت کی، اجلاس میں سموگ کی صورتحال، ٹیکس ریٹرن میں توسیع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، انجمن تاجران نے چیئرمین ایف بی آر سے ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں ایک ماہ توسیع کا مطالبہ کر دیا۔
مجاہد مقصودبٹ نے کہا کہ مارکیٹوں میں آئندہ کسی بھی احتجاجی مظاہرے میں ٹائر نہ جلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے ہم نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ ہیں، لاہور کو آلودگی سے پاک کر کے دوبارہ پھولوں کا شہر بنائیں گے۔
صدر انجمن تاجران نے مارکیٹوں کے صدور کو ہدایت کی کہ تمام دکاندار کل سے خود اور اپنے ملازمین کو بھی ماسک لازمی پہنایئں، سموگ سے بچاؤ کیلئے ہم سب نے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور کی مارکیٹوں میں آنے والے کسٹمرز کیلئے ماسک کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔