لاہور: (دنیا نیوز) 2 روز قبل تھانہ ستوکتلہ کی حدود سے اغوا ہونے والے طالب علم کو پولیس نے بازیاب کروا لیا ہے۔
اغوا کار سکول کے سامنے سے طالب علم کو زبردستی کار میں بٹھا کر لے گئے تھے، ایس پی صدر کی سربراہی میں ایس ایچ او ستوکتلہ نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں حراست میں لے لیا، اغوا کاروں نے طالبعلم پر تشدد بھی کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر 2 روز قبل طالب علم کے اغواء کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ملزمان طالبعلم کو زبردستی کار میں بٹھانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ اس کی مدد کیلئے قریب آنے والے افراد کو اسلحہ دکھا کر ڈرایا دھمکایا جاتا ہے۔
مغوی طالبعلم کافی دیر تک مزاحمت کرتا رہا تاہم پولیس موقع پر نہیں پہنچی، اسلحے کے خوف سے قریب موجود شہری بھی اس کے قریب نہ آئے، لاہور پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر کے اغوا کاروں کی گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی ویڈیوز سے مدد لی تھی۔