کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 4 ملزم گرفتار، مزاحمت پر اہلکار زخمی

Published On 31 October,2023 03:58 am

کراچی: (دنیا نیوز) مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ڈکیتی مزاحمت پر پولیس اہلکار کو زخمی کر دیا، غیر قانونی کاروبار میں ملوث 3 ملزم بھی پکڑ لیے گئے۔

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ملزموں نے پولیس اہلکار کو ٹانگ میں گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔

ادھر کلفٹن میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم چوری کے 40 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا، پستول برآمد کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

گرفتار ملزم لال محمد کی بیشتر وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم گاڑیوں کے شیشے توڑ کر قیمتی سامان چوری کرتا تھا۔

مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا کی سپلائی میں ملوث 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے نقدی اور موبائل فونز برآمد کر لیے۔