برطانوی کرنسی تبدیل، پہلی بار بادشاہ چارلس سوم کی تصویر والے نوٹ متعارف

برطانوی کرنسی تبدیل، پہلی بار بادشاہ چارلس سوم کی تصویر والے نوٹ متعارف

لندن میں ’’دی فیوچر آف منی‘‘ نامی نمائش کے افتتاح پر بادشاہ چارلس سوم کی تصویر والے بینک نوٹوں کو پہلی بار منظر عام پر لایا گیا۔

یہ نمائش برطانیہ کے مرکزی بینک کی جانب سے منعقد ہوئی جو اگلے سال ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں پانچ، دس، بیس اور پچاس پاؤنڈ کے نئے نوٹوں کی نمائش بینک آف انگلینڈ کے لندن میں واقع ہیڈ کوارٹرز میں موجود عجائب گھر میں کی گئی ہے۔

ان نوٹوں کو 5 جون سے استعمال میں لایا جائے گا، بینک آف انگلینڈ کے عجائب گھر کی کیوریٹر جینیفر ایڈم نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ بینک آف انگلینڈ نے کسی نئے بادشاہ کی تصویر والے نوٹوں کا اجرا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1960ء کی دہائی سے ہمارے بینک نوٹوں پر ملکہ الزبتھ کی ہی تصویر تھی تو یہ پہلی بار ہوگا کہ ہم بطور عوام یہ تبدیلی دیکھیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بادشاہ چارلس کی تصویر والے نوٹوں کے اجرا کے بعد ملکہ الزبتھ کی تصویر والے نوٹوں کا استعمال فوری طور پر ختم نہیں کیا جائے گا، بلکہ نئے ڈیزائن کےنوٹوں کو بتدریج ان نوٹوں کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا جائے جن کا استعمال پرانے اور خستہ حال ہونے کے باعث بند کیا جا رہا ہو۔