اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں جاپانی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات نے جاپانی سفیر کی قیادت میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جاپان اور پاکستان دیرینہ دوست ممالک ہیں جن کے مابین تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جاپانی صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش تمام مسائل پر مل کر قابو پائیں گے، پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاپانی کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جاپانی تاجروں اور پاکستانی حکومتی اہلکاروں کے تعاون سے ایک ہفتے میں مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔
جاپانی وفد نے پاکستان میں کاروبار دوست پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا، جاپانی سفیر نے رواں برس جولائی میں 20 رکنی معروف جاپانی کمپنیوں کے وفد کی پاکستان آمد کے بارے میں آگاہ کیا۔
جاپانی وفد کا کہنا تھا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، جاپانی کمپنیوں نے پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری شروع کر دی ہے۔
اس موقع پر جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں جاری اپنی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا، شرکا نے بتایا کہ جاپانی کمپنیاں ویلیو ایڈیشن کے بعد پاکستان سے دوسرے ممالک میں بھی برآمدات کر رہی ہیں۔