اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی برائے ترقیاتی فنڈز 25-2024 کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان، سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا اور وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقیاتی بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آئندہ مالی سال کے دوران وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 15 سو ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی، وفاقی وزارتوں نے مجموعی طور پر 2900 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات و بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے کہا کہ اگلے مالی سال کے دوران رواں منصوبے اور ان کی تکمیل پہلی ترجیح ہوگی، دوسری ترجیح وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کو دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کا انحصار ترقیاتی بجٹ پر ہوتا ہے، آئی سی ٹی کے سکولوں کو پورے ملک کیلئے پائلٹ ماڈل سکولوں کے طور پر بنانا چاہیے، ملک کی مینجمنٹ سائٹ میں پروفیشنل افراد کی کمی ہے، ہمیں منصوبوں کی کوالٹی کو بھی دیکھ کر ترجیحات مقرر کرنی ہیں۔