پاکستان نے ابراہیم رئیسی جیسا مخلص دوست کھو دیا : وزیراعظم

Published On 21 May,2024 03:18 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ابراہیم ریئسی جیّد عالم اورصاحب بصیرت رہنما تھے، پاکستان نے مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھو دیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا، جس میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور ان کے رفقاء کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ا ظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم غم کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے ، ایرانی صدر اور ان کے رفقا کے انتقال پر قوم انکے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان انتہائی شاندار اور تاریخی تھا، دورے پر دو طرفہ تجارتی حجم10ارب تک لے جانے پر اتفاق کیاگیا ، ان کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کےلیے سنگ میل تھا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم ریئسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کی رفقاء کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر تعزیتی قرارداد بھی منظورکی گئی۔

واضح رہے کہ  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان صوبہ مشرقی آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے، وہ آذربائیجان کی سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر تبریز جا رہے تھے۔

اس حادثے میں ابراہیم رئیسی کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور عملے سمیت سات دیگر افراد بھی جاں بحق ہوئے۔