تہران : (ویب ڈیسک ) ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے صدارتی انتخابات 28 جون کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے سپیکر اور عدلیہ کے سربراہاں نے ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو کرائے جانے کا فیصلہ کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران میں الیکشن ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان محسن اسلامی نے اعلان کیا کہ آئندہ 28 جون کو صدارتی الیکشن کے انعقاد کی تاریخ کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔
صدارتی امیدواروں کی رجسٹریشن 30 مئی سے 3 جون تک ہوگی، جبکہ صدارتی انتخابات کی مہم 12 سے27 جون تک چلائی جائے گی۔
ایران کا آئین کیا کہتا ہے ؟
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی آئین کا آرٹیکل 131 ملک میں صدارتی عہدہ خالی ہونے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے رہنمائی کرتا ہے۔
اس آرٹیکل میں یہ شرط رکھی گئی ہے کہ جمہوریہ کے صدر کی موت، اس کی برطرفی، اس کے مستعفی ہونے، دو ماہ تک غیر حاضر یا بیمار رہنے، صدارت کی مدت ختم ہونے پر رکاوٹوں یا دیگر مشکلات کے باعث نیا الیکشن نہ ہونے کی صورت میں نائب صدر سپریم لیڈر کی رضامندی سے صدر کا عہدہ سنبھال لے گا۔
ایران کے موجودہ پہلے نائب صدر محمد مخبر ہیں جنہیں رئیسی نے 2021 میں صدارت سنبھالنے کے بعد سے اس عہدے پر تعینات کیا تھا۔
آرٹیکل 131 اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ اسلامی شوریٰ کونسل کے صدر، جوڈیشل اتھارٹی کے سربراہ اور جمہوریہ کے پہلے نائب صدر پر مشتمل ایک باڈی کو جمہوریہ کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ضروری انتظامات کرنا ہوں گے۔ یہ الیکشن 50 دن کی مدت میں منعقد کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم لیڈر کی منظوری کے بعد محمد مخبردو ماہ کیلئے ایران کے عبوری صدر مقرر
واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات کا انعقاد صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ناگہانی موت کے باعث کیا جارہا ہے ، ایرانی حکام نے اس ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات شروع کردی جبکہ ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا، حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا، تاہم تکنیکی خرابی کیا تھی یہ واضح نہیں ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق
واضح رہے کہ اتوارکے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی آخری رسومات آج سے شروع ہورہی ہیں جس کے بعد ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا۔
ایرانی صدر کو آبائی شہر مشہد میں امام علی رضا کے روضہ کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں 5 روزہ سوگ کا اعلان کیاہے۔