اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں شدید گرمی کے باعث بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھنے لگا جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا ہے۔
ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 9 میگا واٹ تک پہنچ گیا اور ملک بھر میں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 19 ہزار 991 میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 7 ہزار 116 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 613 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 717 میگا واٹ ہے۔
اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 23 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سولر پاور پلانٹس سے 163، بگاس سے 137 اور نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 222 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔