پشاور: (دنیا نیوز) شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کاعذاب کم نہ ہو سکا، پشاور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ہزار خوانی اور گردونواح کے مکین گرڈ سٹیشن میں داخل ہو گئے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی کی زیر قیادت مظاہرین نے واپڈا حکام سے فوری بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فضل الہیٰ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ صبح 9 بجے گرڈ سٹیشن رحمان بابا کا بٹن میرے پاس ہو گا، لوڈ شیڈنگ کا شیڈول کل میں جاری کروں گا۔
فضل الہیٰ نے کہا تھا کہ جس حلقے کی جتنی لوڈشیڈنگ بنتی ہے اس کے مطابق بجلی فراہم کریں گے، ہمارے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ وہ صوبے کا حق چھینیں گے ہم ساتھ ہیں۔
آج مظاہرین سے مذاکرات کے بعد واپڈا حکام نے بجلی بحال کردی جس پر مظاہرین کی جانب سے بھی احتجاج ختم کر دیا گیا۔
لاہور میں بھی لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو
دوسری جانب لاہور میں بھی لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہو گیا،2 سے 10 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے شہری تنگ آ گئے جبکہ گزشتہ رات چلنے والی آندھی سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
30 سے زائد فیڈز سے تاحال بجلی بحال نہ ہو سکی، مناواں، باٹا پور، سبزہ زار، گلشن راوی، کوٹ لکھپت، چوبرجی، علامہ اقبال ٹاؤن اور شاہدرہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔