اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کرینگے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نوجوان انٹرپرینیورز کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں ٹیکسٹائل، تعمیرات، آئل اینڈ گیس، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں سے نوجوان کاروباری افراد شامل تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کیلئے ناگزیر ہے، برآمدات کے فروغ کیلئے نوجوان کاروباری افراد انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کا مالی اور تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو باصلاحیت افرادی قوت میں تبدیل کرکے معیشت کو متحرک کیا جا سکتا ہے، حکومت معاشی مواقع کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے اہم ثابت ہوگا، ہم حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی اداروں کو مزید فعال بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم نے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر یوتھ انٹرپرینیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین کاروباری اشتراک کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔
اس موقع پر وفد نے مختلف شعبوں میں کاروباری برادری کی کامیابیوں اور درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا، وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔