لاہور: (دنیا نیوز) آٹے کے نرخوں میں اعداوشمار کی غلط رپورٹنگ کے معاملے پر سیکرٹری فوڈ پنجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور کو معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس کے دوران آٹے کے مارکیٹ نرخ منگوا کر سامنے رکھ دیئے، محکمہ فوڈ کی بریفنگ میں پیش کردہ ڈیٹا مارکیٹ کے آٹا نرخ سے مختلف تھا، وزیراعلیٰ نے آٹا کے نرخ کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
اس تناظر میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے، سیکرٹری فوڈ پنجاب نے آٹے کے نرخوں میں اعداوشمار کی غلط رپورٹنگ کے معاملے پر ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور کو معطل کر دیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان کیخلاف انضباطی کارروائی شروع کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودھا کو ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور تعینات کر دیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر گجرات کا بھی تبادلہ کر دیا گیا۔
سیکرٹری فوڈ پنجاب نے کہا کہ نا اہلی، لاپرواہی اور احکامات کی خلاف ورزیوں پر ایکشن لیا گیا، نااہل اور سست افسران کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں، افسران و ملازمین اپنا قبلہ درست کر لیں، میرٹ کے برخلاف کچھ قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی افسر کو محکمے کی ساکھ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوامی ریلیف کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔