اسلام آباد :(دنیا نیوز) کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے مزید24 اداروں کی نجکاری کی منظوری دے دی۔
کابینہ ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے نجکاری کمیشن کے پاس او جی ڈی سی ایل کے شئیرز کی منتقلی کی تجویز پر غور کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں او جی ڈی سی ایل کے شئیرز خودمختار دولت فنڈ یا پٹرولیم ڈویژن کو منتقل کرنے کی مختلف تجاویز زیر بحث آئیں، کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ اس وقت کے لیے جمود برقرار رکھا جا سکتا ہے، کمیٹی نے مالی سال 25-2024 کے لیے کمیشن کے بجٹ تخمینوں اور کمیشن بجٹ کی تخمینوں کے لیے رقم 8169 ملین روپے کی منظوری بھی دی۔
کابینہ ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ کمرشل سپیس میں وفاق کے فوٹ پرنٹ کو کم کرنے کو ترجیح دی جائے گی، کمیٹی نے سفارش کی کہ وفاق کو صرف سٹریٹجک اور ضروری ایس او ایز تک محدود کیا جائے، کمیٹی نے 24 اداروں کی نجکاری پروگرام 29-2024 کی منظوری دی جبکہ اس بات پر زور دیا کہ منافع بخش ایس او ایز کو بھی پرائیویٹائز کیا جائے گا۔