اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاسوں کے شیڈول میں پاکستان کا نام بھی شامل کر لیا گیا۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) 25 ستمبر کو پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالرز کے نئے قرض پروگرام کی منظوری کا جائزہ لے گا۔
پاکستان 2 ارب ڈالرز کا فنانسنگ گیپ پورا کرنے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں سے ضروری مالی یقین دہانیاں حاصل کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ترجمان آئی ایم ایف کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ 25 ستمبر کو پاکستان کے کیس کا جائزہ لے گا۔
سٹیٹ بینک کا اعلامیہ
اس سے قبل سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا تھا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی تمام مالی یقین دہانیاں حاصل کرلی ہیں، اب آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں مزید کوئی رکاوٹ نہیں۔
سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان ستمبر 2024 میں آئی ایم ایف اجلاس میں اپنا مقدمہ پیش کرے گا، پاکستان کو رواں مالی سال 26.20 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، مالی سال کی ادائیگیوں میں 16.3 ارب ڈالر رول اوور ہوں گے۔