لاہور:(دنیا نیوز)شوگر ملز ایسوسی ایشن نے قرضوں کی ادائیگیوں کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے گورنر سٹیٹ بینک کو مراسلہ ارسال کردیا ، مراسلہ میں کمرشل و اسلامی بینکوں کے شوگر ملوں کو دیے گئے قرضوں کی ادائیگیوں کی تاریخ میں 31 دسمبر 2024 تک توسیع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے کے متن میں شوگرملز مالکان کا کہنا تھا کہ تین ماہ کے قلیل عرصے میں 12 ماہ کی چینی تیار کرتے ہیں، ملوں کو گنے کی ترسیل کے 15 دن کے اندر تمام کاشتکاروں کو ادائیگیاں کرنا ہوتی ہیں، ملوں کیلئے اتنی بڑی رقم کا انتظام کرنا ممکن نہیں کہ وہ پورے سال کی چینی کی 3 ماہ کے اندر ادائیگی کریں۔
متن میں لکھا گیا کہ ملوں کیلئے 30 ستمبر 2024 تک بینکوں کے تقریباً 200 ارب روپے کے بقایاجات کلیئر کرنا ناممکن ہے، انڈسٹری کو اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت کی صورت میں بقایا جات کی ادائیگی ممکن ہو پائے گی۔
شوگر ملز کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ فالتو سٹاک کی وجہ سے شوگر ملوں کیلئے آئندہ کرشنگ سیزن شروع کرنا مشکل ہو جائے گا، شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے مسائل کم ہوں گے جس سے کاشتکاروں اور صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔