اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاورسیکٹرمیں اصلاحات کا عمل جاری ہے، سرکلر ڈیٹ میں کمی ہوئی ہے۔
دنیا نیوزکے پروگرام ’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے آئی پی پیز کے ساتھ گفتگو جاری ہے، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ایک پلانٹ کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن پلانٹ کی ضرورت نہیں ان کے ساتھ گفتگو کا آغاز کیا ہے، آئی پی پیزسےاچھےماحول میں گفت وشنید ہوئی ہے، پاورسیکٹرمیں اصلاحات سے بہتری ہوگی، گزشتہ چھ ماہ میں نجکاری کےحوالےسےبہت کام ہوا ہے، اگلے سال تک تین ڈسکوزکی نجکاری ہو جائےگی۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ڈسٹری بیوشن سیکٹرکے اندر بہتری کی امید ہے، جولائی، اگست، ستمبر میں ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کم ہوئے ہیں، پاور سیکٹر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، سرکلرڈیٹ کے اندر اضافہ نہیں کمی ہوگی۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ تین کروڑ صارفین سبسڈائز بجلی استعمال کر رہے ہیں، جماعت اسلامی کےساتھ ابھی کوئی رابطہ نہیں ہوا، جماعت اسلامی کا مطالبہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک مہنگےدام بجلی بنا رہی ہے، کے الیکٹرک کا بوجھ ہم پر پڑ رہا ہے، امید ہے کے الیکٹرک اس بوجھ کو کم کرے گی۔