اسلام آباد:(دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوریا کھاد کی درآمد پر سبسڈی دینے کی منظوری دے دی ہے۔
وزرات خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ای سی سی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ای سی سی نے یوریا کھاد کی درآمد پر سبسڈی دینے کے لیے 10 ارب روپے جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس طرح ڈیجیٹل اکانومی بڑھانے کے منصوبے کے لیے دو ارب روپے سے زائد کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
کمیٹی نے پاکستان سکلز بانڈز کے لیے ایک ارب روپے کی گارنٹی فراہم کرنے، وزارت ہاؤسنگ کے منصوبے کے لیے ایک رب 80کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کی اس میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں سیاہ کاپر پروجیکٹ بھی شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزارت اطلاعات کے منصوبے کے لیے 53 کروڑ 61 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں اس کے علاوہ وزیراعظم زرعی پیکیج کے کلیمز کی ادائیگی کے لیے ایک کروڑ 8 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا کہ ای سی سی نے ایف بی آر کے شعبے پرال کی تنظیم نو کی بھی منظوری دی اور اس کی تنظیم نو کے لیے تین ارب 70 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی ہے۔
ای سی سی نے اپنے اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے لیے 52کروڑ 30 لاکھ روپے ملک میں زرعی ٹیوب ویل کو سولر پر منتقل کرنے کے لیے 14 ارب روپے کی گرانٹ بھی منظوری کی ہے۔