اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ مثبت حکومتی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافہ وزارت تجارت، ٹی ڈی اے پی اور نیروبی ہائی کمیشن کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس کے باعث اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔
جام کمال نے کہا کہ کمرشل قونصلر عدیلہ یونس کی قیادت میں کینیا میں پاکستانی مصنوعات کی بھرپور تشہیر کی گئی اور بیرون ممالک منعقد ہونے والی ٹی ڈی اے پی کی نمائشوں نے بھی پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ یہ ترقی نہ صرف مشرقی افریقہ میں ہماری تجارت کو بڑھائے گی بلکہ چائے کے درآمدی بل کو بھی کم کرے گی، انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ پاکستان کی عالمی تجارتی رسائی اور اقتصادی استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔