اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب 18ویں ایشین فنانشل فورم میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ روانہ ہو گئے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اپنے دورہ ہانگ کانگ کے دوران اہم ایشیائی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، وزیر خزانہ ایشیائی مالیاتی فورم سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔
وزیر خزانہ اپنے دورہ کے دوران مقامی و چینی حکام، فنانشل سیکٹر ماہرین، پروفیشنلز، سرمایہ کاروں اور اعلیٰ کاروباری حضرات سے ملاقاتیں کریں گے، سینیٹر محمد اورنگزیب چائنا انٹرنیشنل کیپیٹل کارپوریشن لمیٹڈ ،چائنا نیو انرجی سکائیرل لمیٹڈ اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے سربراہان سے ملیں گے۔
محمد اورنگزیب عوامی جمہوریہ چین کے ہانگ کانگ سپیشل ایڈمنسٹریٹو ریجن کے چیف ایگزیکٹو جان کے سی لی سے بھی ملاقات کریں گے، وزیر خزانہ بلوم برگ، نکی ایشیا سمیت دیگر منتخب بین الاقوامی اور ایشیائی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو انٹرویوز دیں گے۔
وزیر خزانہ دورہ کے دوران ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ ارکان اور رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔
ایشیائی مالیاتی فورم ایشیائی نقطہ نظر سے عالمی معیشت پر اثر انداز ہونے والے اہم مسائل کے حل اور بصیرت کے اشتراک میں ایشیاء کے مالیات، کاروبار اور بااثر حکومتی رہنماؤں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کام سر انجام دیتا ہے۔