اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف اور مریم نواز جس طرح بات کر رہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے مذاکرات کو ناکام بنایا جائے، پھر کہا جاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ٹویٹ کر رہے ہیں۔
اپنے ردِ عمل میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم مظلوم پارٹی ہیں، ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے، ہمارے جو تحفظات اور مطالبات تھے ان میں کمی کی تاکہ ملک آگے بڑھے، ملک جن حالات میں چل رہا ہے، آپ کی سرحدوں کی جو صورتحال ہے، ملکی معیشت کے جو حالات ہیں، ملک میں مایوسی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی خاطر ایک قدم آگے بڑھنے کی کوشش کی، میں واضح کرنا چاہتا ہوں، نہ ہم کسی خوف میں مبتلا ہیں، نہ ہم کسی سے ڈر رہے ہیں، اگر ہم نے اپنے تحفظات کو پیچھے کیا ہے تو صرف پاکستان کی خاطر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی کیلئے کوئی دباؤ نہیں، بنی گالہ منتقلی کی پیشکش نہیں کی: خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کرائی جائے گی، حکومت کی جانب سے اب مختلف حیلے بہانے کیے جا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین کی حکمرانی ہو، ملک میں آزاد عدلیہ ہو، ہم چاہتے ہیں ملک میں سول سپرمیسی ہو اور مضبوط پارلیمنٹ ہو۔
اسد قیصرنے کہا کہ ملک کو حقیقی معنوں میں عوام کی مرضی کے مطابق چلایا جائے، ہم ہر صورت میں اپنے مؤقف پر قائم ہیں، جیل میں بانی پی ٹی آئی جو صعوبتیں اور مشکلات برداشت کر رہے ہیں، ملک کے لیے کر رہے ہیں، پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہماری کمٹمنٹ ہے، اس لیے اعتماد سے بات کر رہے ہیں، مریم نواز اور خواجہ آصف جو باتیں کر رہے ہیں، اس پر انتہائی افسوس ہے، ہم جو کچھ کر رہے ہیں، پاکستان کے لیے کر رہے ہیں۔