اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہم تو چاہتے ہیں مذاکراتی عمل آگے بڑھے، تاخیر حکومت کی طرف سے ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا کہ بال حکومت کے کورٹ میں ہے، حکومت نے چار دن تک بانی سے ملاقات نہیں کرائی۔
رؤف حسن نے کہا کہ حکومت کے پاس اختیارات نہیں ہیں، مذاکرات کو آگے بڑھنا چاہئے، اصل مذاکرات ان کے تھرواسٹیبلشمنٹ سے ہو رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بیک ڈورچینل کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، علی امین گنڈا پور کا بطور چیف منسٹر اداروں سے رابطہ رہتا ہے۔
رؤف حسن نے کہا کہ بانی نے تو کہہ دیا ہے مذاکرات لکھ کر دے دیں، مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے، حکومت تاخیر کے بجائے مذاکرات کی تاریخ مقرر کرے، امید لگا کر بیٹھا ہوں مذاکرات ہوں اور کوئی راستہ نکلے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر سیاسی قیدیوں کی رہائی اور کمیشن بن سکتا ہے، مذاکراتی عمل سے ہی حکومت کی نیت کا پتا چلے گا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ دونوں اطراف سے مصحالت کی فضا ہونی چاہئے، طاقت میں حکومت ہے وہ پہلے آغاز کرے، جب عمل شروع ہوگا تو مسائل سلجھنے کی طرف جائیں گے۔