لاہور: (محمد اشفاق) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس و دیگر مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی ۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نو مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، دو سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔
خیال رہے کہ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی ضمانت کی آٹھ درخواستیں مسترد کردی تھیں ، بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں نو مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں ،سابق وزیراعظم کی چار مقدمات میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں ۔