رجب المرجب: عظمت والا مہینہ

Published On 10 January,2025 12:59 pm

لاہور: (مولانا محمد الیاس گھمن) یوں تو خدائے بزرگ و برتر کا عطا کردہ زندگی کا ہر ہر لمحہ ہی قیمتی ہوتا ہے لیکن کچھ مہینوں اور لمحوں کو رب قدوس نے خاص الخاص قرار دیتے ہوئے اُن لوگوں کیلئے باعث سعات و رحمت بنا دیا کہ جو اللہ کریم کی ہدایت، قربت رسول ﷺ حاصل کرنے اور مالک کائنات کو پانے کے متمنی ہوتے ہیں۔

ماہ رواں یعنی رجب المرجب بھی انہی خاص الخاص مہینوں میں سے ایک خاص ماہ مبارک ہے، یہی وہ ماہِ مقدس ہے کہ جس میں ہم سب کے پالن ہار اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیبﷺ کو رجب کی 27 ویں شب کوعرشِ معلیٰ کی سیر کرائی۔

اللہ تعالیٰ نے سال کے 12 مہینے مقرر فرمائے اور ان میں سے 4 مہینوں (ذوالقعدہ، ذوالحجہ، محرم اور رجب) کو عظمت والا قرار دیا، ان میں عبادت کرنے کا اجر و ثواب زیادہ ملتا ہے، جو شخص ان مہینوں میں برائیوں سے بچتا ہے، اسے باقی مہینوں میں برائیوں سے بچنے کی توفیق ملتی ہے، رجب ان چار مہینوں میں سے ایک ہے جن کا قرآن کریم میں ذکر آیا ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے ”بیشک اللہ کے ہاں مہینوں کی گنتی بارہ مہینے ہے، اللہ کی کتاب میں جس دن سے اللہ نے زمین اور آسمان پیدا کئے، ان میں سے چار(رجب، ذوالقعدہ، ذوالحجہ اور محرم) عزت والے ہیں، یہی سیدھا دین ہے، سو ان میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو، اور تم سب مشرکوں سے لڑو جیسے وہ سب تم سے لڑتے ہیں، اور جان لو کہ اللہ پرہیزگاروں کے ساتھ ہے‘‘ (سورہ التوبہ: 36)۔

ماہ رجب کو اسلام کے ظہور سے بھی پہلے سے حرمت والے مہینے کا درجہ حاصل ہے اور اس مہینے میں جنگیں رک جایا کرتی تھیں، اس مہینے کئی اہم اسلامی واقعات بھی پیش آئے ہیں، اس مہینہ کو ”اصب“ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ اس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمت و بخشش کے خصوصی انعام فرماتا ہے، اس ماہ میں عبادات اور دعائیں مستجاب ہوتی ہیں۔

رجب کا چاند دیکھنے کی دعا: حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ جب رجب کا چاند نظر آتا تو نبی کریم ﷺ یوں دعا مانگتے تھے: ”اے اللہ! ہمارے لئے رجب اور شعبان کے مہینوں میں برکتیں عطا فرما اور ہمیں رمضان کا مہینہ نصیب فرما“ (کتاب الدعاء للطبرانی، باب القول عند دخول رجب، الرقم: 911)، رسول اکرم ﷺ کا رجب میں برکت کی دعا مانگنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ مہینہ برکتوں والا ہے۔

رجب کی پہلی رات: اس مہینے کی پہلی رات کی فضیلت بہت زیادہ ہے اور اس میں دعاؤں کا قبول ہونا حدیث مبارک سے معلوم ہوتا ہے، حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے: پانچ راتیں ایسی ہیں جن میں مانگی جانے والی دعاؤں کو مسترد نہیں کیا جاتا، شبِ جمعہ، رجب کی پہلی رات، پندرہویں شعبان کی رات اور عیدین کی راتیں۔ (فضائل الاوقات للبیہقی، باب فی فضل العید، الرقم: 149)

کوئی عبادت خاص نہ کی جائے: رجب کی پہلی رات فضیلت والی ہے لیکن یہ خیال رہے کہ اس میں اپنی طرف سے یا غیر مستند باتوں کی وجہ سے اس میں کوئی عبادت خاص نہ کی جائے جیسا کہ بعض علاقوں میں بعض لوگوں نے بعض چیزوں کو رواج دے رکھا ہے، دوسری یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ نفلی عبادات اتنی طویل نہ کی جائیں کہ فرائض و واجبات متاثر ہوں یعنی رات بھر تلاوت، ذکرو اذکار، استغفار، درود پاک، نوافل وغیرہ اتنی دیر تک نہ کی جائیں کہ فجر کی نماز قضا ہو جائے۔

رجب کے روزے: حضرت عطاءؒ سے مروی ہے کہ حضرت عروہؓ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے پوچھا کہ کیا اللہ کے رسولﷺ رجب کے مہینے میں روزہ رکھا کرتے تھے؟ ابن عمرؓ نے جواب دیا کہ جی ہاں آپﷺ اس مہینے میں روزہ رکھا کرتے تھے اور اس کو عظمت والا مہینہ قرار دیتے تھے۔ (جمع الوسائل فی شرح الشمائل، باب ماجاء فی صوم رسولؐ)

رجب کے روزہ داروں کیلئے جنتی محل: حضرت عامر بن شبلؒ سے مروی ہے کہ حضرت ابوقلابہؒ فرماتے ہیں: ”جنت میں ایک عظیم الشان محل ان لوگوں کیلئے ہے جو رجب میں روزے رکھنے والے ہیں۔ (بیہقی، الرقم: 17)

رسم تبارک: بعض لوگ ماہ رجب کے جمعہ والے دن یا کسی اور دن میں ایک مخصوص رسم کرتے ہیں کہ ایصال ثواب کیلئے میٹھی روٹیوں پر سورۃ الملک 41 بار پڑھواتے ہیں پھر ان روٹیوں کو کھاتے ہیں، ایصال ثواب کا یہ طریقہ مستند احادیث سے ثابت نہیں۔

ہزاری روزہ: بعض لوگ رجب کی 27 تاریخ کو روزہ رکھنا ضروری سمجھتے ہیں اور اس کا ثواب ایک ہزار روزوں کے برابر سمجھتے ہیں جبکہ بعض لوگ اس کو مریم روزے کا چاند بھی کہتے ہیں، یہ امر بھی چونکہ ثابت نہیں، اس لئے یہ اعتقاد رکھنا ضعف الاعتقادی ہے۔

صلوٰۃ الرغائب: بعض لوگ رجب کی پہلی شب جمعہ جبکہ بعض لوگ 27 ویں رجب کو ایک نماز پڑھتے ہیں جسے ”صلوٰۃ الرغائب“ کہا جاتا ہے، اس کی کل بارہ رکعتیں ہوتی ہیں، ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ اور ایک سورۃ ساتھ ملاتے ہیں جب بارہ رکعتوں سے فارغ ہوتے ہیں تو اسی جگہ بیٹھ کر 7 بار سورۃ الفاتحہ پڑھتے ہیں، اس کے بعد سبحان اللہ والحمد للہ ولا الہ الا اللہ واللہ اکبر ولا حول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم چار بار پڑھتے ہیں اور پھر صبح روزہ رکھتے ہیں، اس کے بعد یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ اس طرح کرنے سے 100 سال نیکی کرنے کا ثواب ملے گا، اس طرح کی فضیلت کسی حدیث میں مذکور نہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں شریعت اسلامیہ کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور بے بنیاد من گھڑت باتوں سے بچنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمین

مولانا محمد الیاس گھمن معروف عالم دین اور دو درجن سے زائد کتب کے مصنف ہیں۔