اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں جو کہ نومبر 2024 سے 5.6 فیصد زیادہ ہیں ، دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومتِ پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پُر عزم ہے۔