ایف بی آر کا آئندہ ماہ سے ریٹنگ اینڈ ریوارڈ سسٹم کے نفاذ کا اعلان

Published On 22 January,2025 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) انتظامیہ نے فروری سے ریٹنگ اینڈ ریوارڈ سسٹم نافذ کرنے کا اعلان کردیا، ایف بی آر افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ایف بی آر افسران نے نئے سسٹم کے نفاذ کو من پسند افراد کو نوازنے کی کڑی اور لڑانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، ایف بی آر افسران اور انتظامیہ میں اختلافات سے ملکی ٹیکس اہداف متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

ریونیو ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ریٹنگ اینڈ ریوارڈ سسٹم میں خامیاں افسران کیخلاف استعمال ہونگی، کچھ کو اے اور باقی افسران کو بی، سی، ڈی یا ای کیٹیگری دینا بددیانتی کے مترادف ہے، کسی اور سروس گروپ میں افسران کی قابلیت جانچنے کیلئے ایسا سسٹم نہیں ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا کہ سسٹم سے ان لینڈ ریونیو سروس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی توہین ہو گی، سسٹم میں موجود ریٹنگ سے افسران کے درمیان اعتماد اور تعاون کو نقصان پہنچے گا، ان لینڈ ریونیو سروس کو تباہ کرنے کیلئے افسران کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے۔

ریونیو ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس طرح ایف بی آر کی مجموعی کارکردگی اور ریاستی محصولات کی وصولی پر بھی منفی اثر پڑے گا، سسٹم کے متعارف ہونے سے ایف بی آر کی ساکھ کو بھی مزید نقصان پہنچے گا۔