سعودی سرمایہ کاری سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا: رانا تنویر حسین

Published On 31 January,2025 02:51 am

اسلام آباد: (ویبب ڈیس) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان کے زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری سے پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور پائیدار ترقی کو فروغ ملا ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کنگ سلمان ریلیف شیلٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت اور کنگ سلمان ریلیف مرکز کی پاکستانی عوام کے لئے امدادی معاونت پر شکر گزار ہیں، سعودی عرب پاکستان کی زرعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جدید کاشتکاری، آبپاشی نظام اور غذائی تحفظ کے فروغ میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور مثالی تعلقات میں ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے جو دونوں ممالک کے انسانی ہمدردی اور ترقی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

تقریب کے دوران کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے مستحقین میں امدادی اشیاء اور موسم سرما کی کٹس تقسیم کی گئیں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے قدرتی آفات کے دوران غربت میں کمی لانے اور غذائی عدم تحفظ کے خلاف کنگ سلیمان ریلیف سنٹر کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کو فروغ ملا ہے۔