پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے وزیراعظم کی پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے: عرفان صدیقی

Published On 31 January,2025 02:38 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی یہ گاڑی تو چھوٹ گئی ہے، اب اسے وسیع تر مذاکرات کے لئے وزیر اعظم کی تازہ پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے سوشل میڈیا ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ یکطرفہ طور پر مذاکراتی عمل سے نکل کر پی ٹی آئی نے نہ صرف غیر سیاسی اور غیر جمہوری سوچ کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ اپنے مطالبات کے حوالے سے ایک اچھا موقع بھی ضائع کر دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جان لینا چاہئے کہ سڑکیں، چوک، دھرنے اور لانگ مارچ نہ اسے پہلے کسی منزل تک لے کر گئے ہیں نہ اب لے کر جائیں گے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل صرف سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات ہی سے نکلتا ہے، پی ٹی آئی جتنا جلدی یہ بات سمجھ لے اس کے لئے اتنا ہی اچھا ہو گا۔