اسلام آباد:(دنیا نیوز) کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری اداروں کے بورڈ ممبران کی تقرریوں کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری اداروں کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے بورڈ ممبران کی تقرریوں کی منظوری کو حتمی شکل دی گئی۔
کمیٹی نے نیشنل ہائی وے کونسل کے لیے تین آزاد ممبران کی تقرری کی منظوری دی جبکہ پاکستان ری انشورنس کمپنی کے دو آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کی توثیق بھی کی گئی۔
اسی طرح جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے بورڈ ممبران کی منظوری دی گئی اور سرکاری اداروں میں آزاد ڈائریکٹرز نجی شعبے سے لینے کی ہدایت بھی کی گئی ۔
کابینہ کمیٹی نے وزارت خزانہ مالی سال 24-2023 کے سرکاری اداروں کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا جبکہ نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
علاوہ ازیں پاکستان ریلوے کی چار کمپنیوں کے کاروباری اور تبدیلی کے منصوبوں پر غور اور سرکاری اداروں کے قانون پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری ہوئیں۔