پنجاب حکومت ماہ صیام میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے متحرک

Published On 01 March,2025 12:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت ماہ رمضان کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے متحرک ہو گئی۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں رمضان کے دوران سہولت اورماڈل بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں اشیائے خورونوش کے نرخوں میں بڑے پیمانے پر ریلیف کی فراہمی جاری ہے،ماہ صیام کےد وران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سہولت اور ماڈل بازاروں میں ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت یقینی بنائی جارہی ہے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتےہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، انتظامی افسران اشیاء کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائیں، ماہ مقدس کے دوران اشیاء کی قیمتوں کا موازنہ اسی بیس لائن ڈیٹا سے کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل، ضلع اور ڈویژن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کردیا ہے، اشیاء کی قیمتوں کیساتھ طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائےگی، پھلوں اور سبزیوں سمیت کسی بھی شے کی قلت نہیں ہونی چاہئے۔

چیف سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے، کسی صورت معافی نہ دی جائے، ماڈل بازاروں اور سہولت سٹالز میں بہترین ریلیف دیا جا رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر عام مارکیٹ کی نسبت قدرے سستی اور معیاری اشیاء بلا تعطل فراہم کی جائیں۔