وزیراعظم سے کاروباری شخصیات کی ملاقات، حکومتی پالیسیوں پر اظہار اعتماد

Published On 07 March,2025 04:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، کاروباری برادری نے حکومتی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کیا، کاروباری برادری نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پر خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت صحیح سمت گامزن ہے، شرح سود اور مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشاورت کا مقصد معیشت کی ترقی میں تیزی لانا ہے، ٹریڈ افسران کو برآمدات کے فروغ کیلئے واضح اہداف دے دیئے گئے۔

شرکا نے حکومتی کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا، شرکا نے گرین پاکستان انیشیٹو کی تعریف کی اور کہا کہ آئی ٹی صنعت دنیا میں تیزی سے اپنا مقام بنا رہی ہے۔

شہباز شریف نے وزارتوں کو کاروباری شعبوں سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کا سفرمقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے، فیصلہ کیا ہے تواتر سے تاجر دوستوں سے ملوں گا تا کہ آپ کی بات سنوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاجر برادری نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے، میکروانڈیکیٹر بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، اگر ملک کے سرمایہ کار انویسٹمنٹ کریں گے تو پھر باہر سے انویسٹمنٹ آئے گی، معیشت کے پہیے کو آپ نے گھمانا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم چاول کی ایکسپورٹ میں 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، چین نے 2005 میں چاول کی کریڈنگ سے متعلق لیبارٹری کیلئے گرانٹ دی، بدقسمتی سے ہم نے گرانٹ سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں جہاں جس کی غلطی ہوگی اسے جوابدہ بنایا جائے گا، آئندہ جمعرات سے ہر شعبے کا جائزہ اجلاس میرے دفتر میں ہوگا، اجلاس میں متعلقہ وزرا، سیکرٹری اور متعلقہ شعبے کے 4 افراد بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شعبہ جات کا جائزہ اجلاس ہفتے میں دومرتبہ ہوگا، آئندہ جمعرات کو ہونیوالے پہلے اجلاس میں زرعی شعبے کا جائزہ لیا جائے گا، خود بھی اپنے آفس میں سیکٹرز وائس میٹنگز کروں گا۔