اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورننس اور بجٹ پر مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد گورننس سے متعلق تکنیکی معاونت پر پاکستانی حکام سے فالو اَپ مذاکرات کرے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد پاکستان میں اگلے مالی سال کیلئے بجٹ سازی سے متعلق تخمینہ جات کا جائزہ لے گا جس کے بعد بجٹ اہداف کو حتمی شکل دے کر جون کے پہلے عشرے میں اگلے مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد پیر سے پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا، آئی ایم ایف وفد کے موجودہ دورے کا مقصد اصلاحاتی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے آئی ایم ایف کی تکنیکی امداد کا حصول ہے۔
آئی ایم ایف وفد سال 2025-26 کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لے گا اور گورننس سے متعلق تکنیکی معاونت پر پاکستانی حکام سے فالو اَپ مذاکرات کرے گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وفد آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس ریونیو اقدامات، اخراجات پر کنٹرول سے متعلق پاکستانی حکام سے مذاکرات کرے گا اور بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے آئی ایم ایف وفد وزارت خزانہ حکام سے مل کر تجاویز تیار کرے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا مزید بتانا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔