عالمی مندوبین کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں گہری دلچسپی کا اظہار

Published On 09 April,2025 10:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملکی معدنیات سے معیشت کو ترقی دینے کا مشن، عالمی مندوبین نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے پہلے روز وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر صنعت و تجارت جام کمال، وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک ودیگر نے خطاب کیا۔

دنیا بھر کے مندوبین کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی، جس پر امریکا، چین، سعودی عرب، روس اور دیگر ملکوں کے مندوبین نے دلچسپی کا اظہار کیا۔

دوسرے روز پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کے نمائندے رسل ہاورڈ اوون نے منصوبے کی فزیبلٹی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں ہے، منصوبہ معدنیات کی کان کنی کے شعبے میں پاکستان کو دنیا نے نقشے پر اہم ملک کے طور پر سامنے لایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک معدنیات 286 کلو میٹر کے علاقے پر محیط ہیں، منصوبے کی 19 کلو میٹر رقبے پر جیو تکنیکی ڈرلنگ ہو چکی ہے، منصوبے کی جیوکیپٹل ڈرلنگ بھی ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک میں سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ریکوڈک میں 5.9 ارب ٹن کے معدنی ذخائر موجود ہیں، منصوبے کے پہلے مرحلے کی فزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دی جا چکی ہے، منصوبے کے پہلے مرحلے پر رواں سال کام شروع ہوگا، 2028 میں منصوبے سے سونے اور تانبے کی پیداوار حاصل ہونا شروع ہوگی۔

رسل ہاورڈ کا کہنا تھا کہ فزیبلٹی سٹڈی میں ریکوڈک میں تانبے کے ایک کروڑ 50 لاکھ ٹن اور سونے کے 2 کروڑ 60 لاکھ اونس ذخائر کا پتہ چلا ہے، 2028 سے ریکوڈک کان سے 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا اور 3 لاکھ اونس سونا سالانہ نکالا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن تانبا ارو 5 لاکھ اونس سونا سالانہ نکالا جائے گا۔

پاکستان میں جدید پائیدار معدنی کان کنی کیلئے تیار ہیں: احمد حیات لک

سی ای او او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک نے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے، فورم میں مختلف امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کان کنی سے متعلق فورم میں آئے طلبہ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا، فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان میں جدید پائیدار معدنی کان کنی کیلئے تیار ہیں، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے کان کنی کا شعبہ اہمیت کا حامل ہے، پبلک پرائیویٹ سیکٹرز کے الحاق سے کان کنی کے شعبے کو ترقی ملے گی۔

احمد حیات لک کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی، ہم بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ماحول یقینی بنا رہے ہیں، معدنی وسائل کو قوم کی خوشحالی ترقی و استحکام کیلئے استعمال کرنا ہے۔